ابنا: مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی رہنما اور امام جمعہ کوئٹہ علامہ سید ہاشم موسوی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ کچھ لوگ خانہ جنگی کی راہیں ہموار کرنے اور استعماری سازشوں کی تکمیل کیلئے شیعہ سنی مناظرے کی باتیں کررہے ہیں جبکہ شیعہ، سنی اسلام کے دو مستند مسالک 14 سو سالوں سے موجود ہیں اور اس سلسلے میں علماء اسلام کے درمیان علمی مباحث بھی ہوچکے ہیں جو دونوں مسالک کے علماء کے نزدیک ثابت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں جامعہ الازہر مصر کے بزرگ عالم دین شیخ محمود شلتوت نے فقہ حنفی، فقہ شافعی، فقہ مالکی اور فقہ حنبلی کے ساتھ فقہ جعفریہ پر عمل کو درست قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شیعیت اپنے کردار، اقدار اور عالمی سیاسی دینی قائدین کے عنوان سے اعلٰی حیثیت کا حامل مکتب ہے، جبکہ استعماری ایجنٹوں کی کوشش یہ ہے کہ مسلمانوں کے درمیان شیعہ، سنی اختلافات کو ہوا دی جائے لہٰذا بعض لوگ جن کی مذہب شیعہ اور اہل سنت میں کوئی حیثیت ہی نہیں، مناظرے کیلئے ایک دوسرے کو للکارتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
/110